گاندھی نگر، 17؍ستمبر(آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سالگرہ پر اپنی ماں ہیرابائی کا آشیرواد لیا اور قبائلیوں اور معذوروں کے ساتھ خوشیاں بانٹی ۔اس موقع پر صدر پرنب مکھرجی، نائب صدر حامد انصاری اور کانگریس نائب صدر راہل گاندھی سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی رہنماؤں نے ان کی سالگرہ کی مبارک باد دی۔مودی نے یہاں رایسن علاقے میں واقع اپنے بھائی پنکج مودی کے گھر پر ماں ہیرابائی سے آشیرواد لیا۔17؍ستمبر 1950کو پیدا ہوئے مودی آج 66سال کے ہو گئے۔پی ایم او کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم کسی سیکورٹی یا افسر کے بغیر اپنی ماں سے ملنے گئے۔انہوں نے 97سالہ ماں کے پاس تقریبا 25منٹ گزارا ۔ماں سے ملاقات کے بعد وہ راج بھون گئے۔وہ اپنی آبائی ریاست گجرات کے دورے کے دوران راج بھون میں ہی رکے ہیں۔بعد میں انہوں نے دو پروگراموں میں حصہ لیا اور قبائلیوں اور معذورین کے ساتھ بات چیت کی۔صدر پرنب مکھرجی، نائب صدر حامد اساری اور دیگر معزز شخصیات نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ پر آج انہیں مبارک باد دی۔صدر مکھرجی نے ٹوئٹ کر کے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی 67ویں سالگرہ پر انہیں میری مبارک باد اور نیک خواہشات۔انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں کہاکہ آج کا دن ہمارے ملک اور وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی میں مزید کامیابیوں والے سال کا آغاز کرے۔مکھرجی نے کہاکہ بھگوان وزیر اعظم نریندر مودی کو اچھی صحت، خوشحالی اور آنے والے کئی سالوں تک ملک کی خدمت کرنے کا آشیرواد دے ۔صدر کے ٹوئٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیاکہ میں سالگرہ کی نیک خواہشات دینے کے لیے معزز صدر جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔